کمشنر فیصل آبادنے جدید شہری ترقی اور تیزرفتار سروس ڈیلیوری کے لئے ایف ڈی اے کو اہداف تفویض کر دیئے

منگل 16 ستمبر 2025 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے جدید شہری ترقی اور تیزرفتار سروس ڈیلیوری کے لئے ایف ڈی اے کو اہداف تفویض کر دیئے اور کہا ہے کہ نئے آئیڈیاز اور جدید تقاضوں کے مطابق بڑے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس تجویز کئے جائیں تاکہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہر ہونے کے ناطے فیصل آباد کی ترقی کا نیا اسلوب متعارف کرایاجا سکے۔

انہوں نے یہ اہداف ایف ڈی اے کمپلیکس کے دورہ کے دوران بریفنگ سیشن میں ایف ڈی اے کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنر راجہ جہانگیر انور کا خیرمقدم کیا اور انہیں ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار، ترقیاتی سرگرمیوں، بجٹ کی صورت حال، کارکردگی، سروس ڈیلیوری کے حوالے سے جدید اصلاحات پر عملدرآمد اور مستقبل کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا بھی ہمراہ تھے جبکہ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنرنے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر جامع سافٹ وئیر کے تحت نئی ''ایپ'' تیار کرنے کا حکم دیا تاکہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم کی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کے بارے میں شہریوں کو رئیل ٹائم معلومات حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے نئے آئیڈیا کے تحت شہری ترقی کے لئے تھیم پارک کے قیام کے علاوہ نئی سوچ کے تحت شہر کے وسط میں دستیاب جگہ پر ٹاور /پلازہ کی تعمیر کے بڑے منصوبے کی پلاننگ کرنے کی تاکید کی جو اے آئی (آرٹیفیشل انیٹلیجنس) ٹاور، پارکنگ پلازہ یا مستقبل کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کسی دیگر بڑے پراجیکٹ کے لئے مختص ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے اہم رہائشی منصوبے کی تیز رفتار ترقی کے لئے نئے ڈھنگ سے مارکیٹنگ کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ وہاں بین الاقوامی معیار کی جدید شہری سہولیات اور تھیم پارک سمیت دیگر تفریحی متعارف کرائیں۔

انہوں نے ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کی توسیع و ترقی کے لئے منصوبہ جات تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔ کمشنر نے کہا کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ثمرات شہریوں تک پہنچانے کے لئے سروسز ڈیلیوری کے طریقہ کار کو مزید آسان،تیز رفتار اور سہل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو جدت سے ہمکنار کرنے کی ترقیاتی سرگرمیوں کے دائرہ میں ایف ڈی اے کو شامل رکھا جائے گا۔

انہوں نے بلڈنگ لاز پر عملدرآمد سے متعلق میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ معاملات سمیت دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کی روک تھام کے لئے انسداد ی کارروائیوں اور ادارہ کے ذرائع آمدن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن سسٹم کے تحت جائیدادوں کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس کا رئیل ٹائم اجراء کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں خواہش مند افراد گھر بیٹھے پر یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے شہری ترقی کے لئے نئے مجوزہ منصوبوں کی تفصیلات اور ادارہ کو درپیش بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا۔دریں اثنا مقامی سطح پر نئے صنعتی منصوبوں کے آغاز سے سینکڑوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جو خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈویژنل انوائرمنٹ اپروول کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر نے صنعتی و تجارتی منصوبوں کے 74 کیسز کمیٹی کے سامنے پیش کئے۔اجلاس میں دو کیسز کو موخر جبکہ تین کیسز کو مسترد کر دیا گیا۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد 69 منصوبوں کو منظوری دی جن میں پٹرول پمپس، میڈیکل فیسلٹیز، پولٹری فارمز، برکس اور مختلف صنعتی و تجارتی منصوبے شامل تھے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام منظور شدہ منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ماحول دوست پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ صنعتی شعبے کو گرین انرجی پر منتقل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ مستقبل میں ماحولیات کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لئے تمام اداروں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔