&شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور یہ شہدا ہی ہیں جن کی بدولت ملک و قوم محفوظ ہیں

منگل 16 ستمبر 2025 23:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے تربت مند میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے افسر اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ دہشت گرد حملے کے نتیجے میں کیپٹن وقار احمد کاکڑ، نائیک جنید، نائیک عصمت، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی ظہور نے وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

اپنے مذمتی بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور یہ شہدا ہی ہیں جن کی بدولت ملک و قوم محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دراصل وحشت اور بربریت پر مبنی سوچ ہے جسے پاکستانی قوم کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور یہ جنگ وطن کے امن و استحکام کے لیے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کی ظالمانہ کارروائیاں عوام اور فورسز کے حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔