اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 18 افراد ہلاک

بدھ 17 ستمبر 2025 13:02

ْنئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)بھارت کی ریاستوں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترا کھنڈ میں شدید بارشوں اورکلاوڈ برسٹ کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات ہوئے جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ تاحال 16 لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق شہر دیہرہ دون کے علاقے سہاسترادھارامیں پانی کا ریلہ کئی دکانیں، سڑکیں اور مکانات بہا لے گیا جبکہ شہری علاقوں میں مواصلات میں تعطل ہے اور ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کلاوڈ برسٹ نے اترا کھنڈ کے دھرالی گاوں میں تباہی مچائی تھی جس میں کئی افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے تھے۔دوسری جانب ریاست ہماچل پردیش میں ایک گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آیا جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔