Live Updates

ایف بی آر موجودہ حالات میں کسی طرح محصولات کا ہدف حاصل نہیں کر سکے گا‘ ٹیکس ایڈوائزرز

بدھ 17 ستمبر 2025 14:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)لاہور ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما چودھری امانت بشیرنے کہا ہے کہ بد قسمتی سے پاکستانی معیشت تاحال پائیدار بنیادحاصل نہیں کر سکی ،جب تک طویل المدت اور استحکام پر مبنی پالیسیاں تشکیل نہیں دی جائیں گی پاکستانی معیشت ہچکولے کھاتی رہے گی ۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں ٹیکس بار کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری امانت بشیر نے کہا کہ پاکستانی معیشت پہلے ہی رینگ رینگ کر چل رہی تھی اور رہی سہی کسر بد ترین سیلاب نے نکال دی ہے ۔

پاکستان کو ا س وقت لاکھوں لوگوں کی بحالی خاص طور پر زراعت کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنے کا بڑا چیلنج درپیش ہے ۔ اگر حقائق کا جائز ہ لیا جائے تو ہماری معیشت میں اتنی استعداد نہیں کہ ہم اپنے وسائل کے بل بوتے پر سارے نقصانات کا ازالہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں منی بجٹ آنے کی افواہیں پہلے ہی سے تھیں جو سیلاب کے آنے سے مزید تیز ہو گئی ہیں ، ایف بی آر موجودہ حالات میں کسی طرح محصولات کا ہدف حاصل نہیں کر سکے گااور اس کے ہدف میں کمی کرنا ہوگی ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات