ایوب میڈیکل کالج میں قومی سطح کا شاندار یوتھ فیسٹا 2025ء ایونٹ منعقد ، ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی شرکت

بدھ 17 ستمبر 2025 17:21

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں قومی سطح کا شاندار یوتھ فیسٹا 2025ء ایونٹ کا منعقد کیا گیا۔ ایونٹ میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور مختلف علمی، تخلیقی اور کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر فیصل جاوید، ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، ڈاکٹر نبی جان آفریدی، ڈاکٹر احسن نوید، ڈین و سی ای او ایوب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر رقیہ سلطانہ، کمال سلیم سواتی، ڈاکٹر عمر خان، ڈاکٹر نذیر احمد، ڈاکٹر شاہ عجلال اور ڈاکٹر عمر غوری سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

فیسٹا میں ویمن میڈیکل کالج، فرنٹیئر میڈیکل کالج، ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج، آرمی برن ہال کالج، آرمی میڈیکل کالج اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ نے نمایاں طور پر حصہ لیا۔

(جاری ہے)

مختلف سرگرمیوں اور مقابلوں کے بعد آرمی میڈیکل کالج نے بہترین ٹیم ایوارڈ اپنے نام کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نبی جان آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے مثبت اور تخلیقی ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ اتحاد، صحت مند مقابلہ اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یوتھ فیسٹا کے کامیاب انعقاد نے ہزارہ ڈویژن سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے انہیں اعتماد، حوصلہ اور آگے بڑھنے کا جذبہ عطا کیا۔