ضلع ساہیوال کے نئے منتخب زرعی گریجویٹس کے انڈکشن ٹریننگ سیشن کا انعقاد مکئی و باجرہ تحقیقاتی ادارہ ساہیوال میں کیا گیا

بدھ 17 ستمبر 2025 15:15

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ضلع ساہیوال کے نئے منتخب زرعی گریجویٹس کے انڈکشن ٹریننگ سیشن کا انعقاد مکئی و باجرہ تحقیقاتی ادارہ ساہیوال میں کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری شہباز اختر مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ ڈائریکٹر مکئی و باجرہ تحقیقاتی ادارہ محمد سعید اور پرنسپل سائنسدان کاٹن ریسرچ اسٹیشن عامر حسین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

تقریب کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد اسلم نے ضلع ساہیوال کا جامع تعارف پیش کیا جس میں زرعی منظرنامے، رائج فصلوں، کاشتکاری کے جدید رحجانات اور مقامی کسانوں کی طرف سے اپنائے گئے جدید زرعی طریقوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی چوہدری شہباز اختر نے تمام نئے گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 100 فیصد میرٹ پر مبنی یہ شفاف انتخاب حکومت کے اعلیٰ معیار اور شفافیت کے عزم کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوان زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ محنت، خلوص اور لگن کے ساتھ کام کریں اور اپنے علم و تحقیق کو براہ راست کسان برادری کی فلاح و بہبود اور ملکی زرعی معیشت کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسان پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کی ترقی ہی ملک کی ترقی ہے۔ اس موقع پر شریک تمام افسران، سائنسدانوں اور گریجویٹس نے بھی اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔\378