قومی و تعلیمی ورثے کے تحفظ کے لئے نسٹ اور نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کے مابین معاہدہ

بدھ 17 ستمبر 2025 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) پاکستان کے علمی و ادارہ جاتی ورثے کے تحفظ کے لئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور نیشنل آرکائیوز آف پاکستان (نیپ) کے مابین ایک یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے۔ یہ تقریب نسٹ کی مرکزی لائبریری میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں کابینہ ڈویژن کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔اس منصوبے کے تحت نسٹ سنٹرل لائبریری کے آرکائیو سیکشن کو نیشنل آرکائیوز کے تعاون سے ایک ایسے مرکز میں ڈھالا جا رہا ہے جہاں ادارہ جاتی ریکارڈ محفوظ، ڈیجیٹائز اور علمی بنیادوں پر مرتب کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران "قائد کارنر" کا افتتاح بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ ایک خصوصی گوشہ ہے جس میں نیشنل آرکائیوز کی جانب سے فراہم کردہ قائداعظم محمد علی جناح سے متعلق نایاب تاریخی مواد، تصاویر اور دستاویزات رکھی گئی ہیں، یہ گوشہ طلبہ، محققین اور اساتذہ کے لئے ایک قیمتی علمی وسیلہ ہوگا جو قوم کے نظریاتی ورثے اور بانی پاکستان کے مقصد سے آگاہی حاصل کا موقع فراہم کرے گا۔

اپنے خطاب میں نسٹ کے پرو ریکٹر برائے تدریسی امور ڈاکٹر عثمان حسن نے کہا کہ آرکائیوز محض ذخیرہ نہیں بلکہ قومی ورثے کے زندہ مراکز ہیں جو تحقیق، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی تسلسل کے لئے ناگزیر حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ اور این اے پی کا یہ اشتراک مستقبل میں علمی تحقیق، نصاب کی ترقی اور قومی ترقی پر مکالمے کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ این یو ایس ٹی کا آرکائیو سیکشن یونیورسٹی کی علمی و فکری میراث کے تحفظ کا مرکز ہے۔ مزید برآں این یو ایس ٹی کے سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس (ایس ای ای سی ایس ) نے اس منصوبے کو تکنیکی معاونت فراہم کی ہے جس میں ڈیجیٹائزیشن، میٹا ڈیٹا سٹرکچرنگ اور معیار کی جانچ شامل ہے۔