کمشنرکی زیرِصدارت سروائیکل کینسروانسدادِ پولیومہم،ہاسپٹلزمیں ادویات کی فراہمی اورآوٹ سورسنگ کےحوالے سے جائزہ اجلاس کاانعقاد

بدھ 17 ستمبر 2025 15:40

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) کمشنرسرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری سروائیکل کینسر سے بچاوکی قومی ویکسینیشن مہم، میانوالی کی مخصوص یونین کونسلوں میں انسدادِ پولیو مہم کے نتائج، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور ہسپتالوں کی آوٹ سورسنگ سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تحصیل میانوالی اورعیسیٰ خیل کی 44 یونین کونسلوں میں یکم سے 4 ستمبر2025ء تک خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران 98 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔ کمشنر نے یونین کونسل کی ٹیم کو آئندہ ہفتے طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مائیکرو پلان کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل فوکل پرسن برائے صحت ڈاکٹر طارق سلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں سروائیکل کینسر سے بچاﺅکی قومی ویکسینیشن مہم کامیابی سے جاری ہے جس کا آج تیسرا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مرض خواتین میں چھاتی کےسرطان کے بعد دوسرا بڑا جان لیواء مرض ہے جو اکثر تشخیص کے وقت علاج کے قابل نہیں رہتا۔ پاکستان میں ہر سال اس مرض کے تقریباً پانچ ہزار کیس رپورٹ ہوتے ہیں جن میں شرحِ اموات تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے مزید بتایا کہ دنیا بھر کے 142 ممالک میں یہ ویکسین 2006 سے کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں موجودہ حکومت نے 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ ویکسین بالکل مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ویکسین کی ایک ڈوز کی قیمت تقریباً 8 ہزار روپے ہے جو نجی شعبہ میں دستیاب ہے لیکن حکومت اسے عوام کو بلا معاوضہ فراہم کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ویکسین شادی سے پہلے لگوانا انتہائی ضروری ہے تاکہ خواتین کو عمر بھر اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ یہ مہم 22 ستمبر تک جاری رہے گی اور ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ہدف کے حصول کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں حکومت کے منظور شدہ 178 ادویات میں سے 164 دستیاب ہیں جبکہ نئےپرچیزآرڈربھی جاری کردیےگئے ہیں۔ متعلقہ کمپنیاں 40 دن کے اندر مطلوبہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی پابند ہوں گی۔ہسپتالوں کی آﺅٹ سورسنگ کےحوالےسے بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں موجود 33 آر ایچ سی میں سے 3 اور 257 بنیادی مراکز صحت میں سے251 کو آئوٹ سورس کیا جا چکا ہے۔

اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ سروائیکل کینسر سے بچاﺅکی ویکسین ایک قیمتی تحفہ ہے جو حکومت پنجاب عوام کو مفت فراہم کر رہی ہے۔ والدین اپنی بچیوں کو یہ ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ وہ عمر بھر اس مہلک مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ صحت مند معاشرہ ہی خوشحال معاشرہ ہے اور اس مقصد کے لیے انتظامیہ اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض ، فوکل پرسن ڈاکٹر طارق سلیم اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے شرکت کی۔