پنجاب یونیورسٹی میں غنڈہ تنظیم کی ریلی کے پس پردہ مطالبہ برطرف کارکنان کی بحالی ہے، ترجمان

بدھ 17 ستمبر 2025 23:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)پنجاب یونیورسٹی میں غنڈہ تنظیم جمعیت کی ریلی کے پس پردہ مطالبہ برطرف شدہ کارکنوں کی بحالی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق جمعیت کے برطرف کارکنان مختلف جرائم میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ برطرف طلباء کے سٹے عدالت سے خارج ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نے جمعیت کی بھتہ خوری بند کی اوراب جمعیت کو نہ تو کینٹین سے مفت کھانے ملتے ہیں نہ ان کے کپڑے مفت دھلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت اب ہاسٹلز کے کمرے کرائے پر نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کو دراصل اپنے ناجائز دھندے بند ہونے کی تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت کی ریلی میں غیر متعلقہ مشکوک افراد بھی موجود تھے۔انہوں نے غنڈہ عناصر کے تمام مطالبات کوبے بنیادقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کے پسِ پردہ وہ عناصر ہیں جو یونیورسٹی کی انتظامی و مالی بہتری برداشت نہیں کر پا رہے۔