تمام مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی حاضری، ادویات اور بنیادی سہولیات یقینی بنائی جائیں،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

بدھ 17 ستمبر 2025 23:23

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ سٹیئرنگ کمیٹی آئی ایم یو ہیلتھ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادنے ہدایت دی کہ تمام مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی حاضری، ادویات اور بنیادی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔ جان بچانے والی ادویات خصوصاً ڈاگ بائیٹ اور سنیک بائیٹ ویکسین کی دستیابی ہر وقت برقرار رکھی جائے، بالخصوص دور دراز علاقوں کے مراکز صحت میں۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں اور واش رومز کی صفائی ستھرائی، مشینری کی بروقت مرمت اور مریضوں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گورنمنٹ ہسپتالوں کے 500 میٹر کے دائرے میں پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایمرجنسی وارڈز میں سینئر ڈاکٹروں اور ادویات کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور ڈیوٹی روسٹر کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اجلاس میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور عملے کی حاضری یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں محکمہ صحت، پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :