بحری معیشت کے فروغ کیلئے مچھلیوں کے شکار، جہاز سازی اور آبی زراعت کے شعبوں میں صنعتی پارکس قائم کرینگے، جنید انوارچوہدری

بدھ 17 ستمبر 2025 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) فاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بحری معیشت کو فروغ دینے کے لیے مچھلیوں کے شکار، جہاز سازی اور آبی زراعت کے شعبوں میں صنعتی پارکس قائم کیے جائیں گے، جبکہ سمندری سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کی زیر صدارت پانچ سالہ سمندری ایکشن پلان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بحری معیشت، گوادر پورٹ کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور علاقائی و عالمی سطح پر پاکستان کے سمندری روابط کو فروغ دینے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان سمندری تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ گوادر پورٹ کی توسیع اور فری زون اسٹیج ٹو کی جلد تکمیل کی ہدایت دی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت گوادر کو خطے کا بڑا تجارتی مرکز بنایا جائے گا، اور ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ٹو و نئے گوادر ائیرپورٹ کو گوادر پورٹ سے مربوط کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں گے۔

ای اسمارٹ پورٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے عالمی شپنگ نیٹ ورک سے روابط کو مزید مستحکم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بحری معیشت کو فروغ دینے کے لیے مچھلیوں کے شکار، جہاز سازی اور آبی زراعت کے شعبوں میں صنعتی پارکس قائم کیے جائیں گے، جبکہ سمندری سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے سمندری سائنس اور تجارتی تعاون کے لیے مشترکہ تحقیقی مراکز کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ گرین انرجی اور سمندری تحفظ کو ماحولیاتی توازن کے لیے اولین ترجیح دی جائے گی۔