پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 27 ستمبر سے لاہور ایکسپو سنٹر میں شروع ہو گی

بدھ 17 ستمبر 2025 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) پاکستان انڈسٹریل ایکسپو(PIE 2025) کا نواں ایڈیشن رواں سال27 سے 29 ستمبر تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی یو اے ای،چائنا ٹائر اینڈ آٹو پارٹس ایکسپو کے تسلسل میں،PIE 2025 کا مقصد لاہور کو بین الاقوامی صنعتی تعاون کا نیا مرکز بنانا ہے جبکہ آئندہ تقریبات سعودی عرب، کینیا اور جنوبی افریقہ میں بھی منعقد کی جائیں گی۔

اس سال کی ایکسپو میں پاکستان اور چین کی 200 سے زائد معروف کمپنیاں شرکت کریں گی،جو اہم صنعتی شعبہ جات کی نمائندگی کریں گی، جس میں سی این سی مشینری، آٹو پارٹس، ہارڈویئر اور ٹولز، زرعی مشینری اور صنعتی آلات و پرزہ جات شامل ہونگے۔یہ وہ شعبے ہیں جنہیں ترقی کی بلند شرح،سرمایہ کاری، جدت اور سرحد پار تعاون کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو (ایک معروف چینی ایونٹ کمپنی) کے سی ای او فا وینیان نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ان کے ہمراہ ان کی تنظیم کے منیجنگ پارٹنر ارمغان مقیم، جامعہ سرگودھا کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس، کنسٹرکٹر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین چوہدری نعیم اختر اور ایورسٹ کے ڈپٹی جنرل منیجر ذیشان ہاشمی موجود تھے۔

مسٹر فا نے کہا کہ2017 سے پاکستان انڈسٹریل ایکسپو پاکستان میں صنعتی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ہماری صنعتیں مقامی سطح پر زیادہ پیداوار کر رہی ہیں،درآمدات کم ہو رہی ہیں اور نئی مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔یہ ایکسپو پاک چین تعاون کو ٹیکنالوجی،مشینری اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ نمائشوں سے ہٹ کر ہم براہ راست ملازمتیں بھی پیدا کر رہے ہیں جیسا کہ ہماری "آئی لیش ویونگ" فیکٹری میں اب100 سے زائد افراد کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستانی انجینئرز کی تربیت جاری رکھے ہوئے ہے اور ہماری شراکت داری ہر سطح پر مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ہم باہمی افہام و تفہیم، احترام اور تعاون کو فروغ دیتے رہیں گے۔ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے مینیجنگ پارٹنر ارمغان مقیم نے کہا کہ اس سال کی ایکسپو پہلے سے بڑی،بہتر اور زیادہ موثر ہوگی۔پاکستانی کمپنیاں چینی نمائش کنندگان سے براہ راست ملاقات کر سکیں گی،نئی ٹیکنالوجیز دریافت کریں گی، اور ایسے کاروباری تعلقات قائم کریں گی جو مقامی صنعتوں کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہPIE 2025 صرف تجارت کا معاملہ نہیں بلکہ علم اور جدت کا مرکز بھی ہے۔یہ طلبہ، محققین اور نوجوان کاروباری افراد کو متاثر کرے گا،یہ تعلیمی علم کو حقیقی صنعتی حلقوں سے جوڑتا ہے۔ایورسٹ کے ڈپٹی جنرل منیجر ذیشان ہاشمی نے کہا کہ ہمارا مقصد دونوں ممالک کی صنعتوں کو پی ای آئی تعاون،عالمی مقابلہ بازی اور مشترکہ ترقی کیلئے با اختیار بنانا ہے۔