جامعہ کراچی،شعبہ کمپیوٹرسائنس میں تیسری اسمارٹ کلاس روم کا افتتاح

اخلاقی اقدار کو بہتر بنانا اور حقائق کو نظر انداز نہ کرنا ہی کامیابی کا واحد راستہ ہے۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی

بدھ 17 ستمبر 2025 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے، جو ہر شعبے میں ترقی اور کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ درست سمت کا تعین اور بروقت فیصلے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر معاشرے کے ساتھ اپنا تعلق جوڑنے اور اس کی ضروریات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

بدقسمتی سے پاکستان اپنی ریاستی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، اسی لیے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹرسائنس میں تیسری اسمارٹ کلاس روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

یہ کلاس روم اسماعیل انڈسٹریز کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید کہاکہ پاکستان کی ترقی کے لیے بحیثیت قوم ہمیں یہ نعرہ اپنانا ہوگا کہ ہمیں محنت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی اقدار کو بہتر بنانا اور حقائق کو نظر انداز نہ کرنا ہی کامیابی کا واحد راستہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمارٹ کلاس روم وقت کی اہم ضرورت ہیں، اور ان کے قیام سے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے اور نئے پہلوؤں کو سیکھنے کے وافر مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مقامی صنعتوں اور جامعات کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ جامعہ کراچی پہلے ہی مختلف صنعتوں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف جدید لیبارٹریاں قائم ہوئی ہیں بلکہ نصاب کو بھی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل ہوا ہے اور فارغ التحصیل ہونے کے بعد انہیں ملازمت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

مہمان خصوصی اسماعیل انڈسٹریز کی ڈائریکٹر محترمہ انیسہ ایچ نوی والا نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تعلیمی اداروں اور طلبہ کے لیے نہایت مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسئلہ صلاحیت کا نہیں بلکہ وسائل کی کمی کا ہے، اور یہی ماڈل اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں ترقی کر رہا ہے، جو ہمارے جیسے افراد کے لیے خوش آئند ہے جو چاہتے ہیں کہ مادرِ وطن دنیا کے بہترین ممالک کی صف میں کھڑا ہو۔

انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی ذہانت کی بدولت آئی ٹی سیکٹر میں کمالات دکھائے جا سکتے ہیں، اور اگر وسائل فراہم کیے جائیں تو پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔قبل ازیں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر صادق علی خان نے شعبے میں تیسری اسمارٹ کلاس روم کے قیام پر محترمہ انیسہ نوی والا کے کردار اور تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ انیسہ ایچ نوی والا نہ صرف تعلیم کی طاقت پر یقین رکھتی ہیں بلکہ اس کے مستقبل کو سنوارنے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ اشتراک صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان ایک بامعنی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے، جہاں کارپوریٹ ذمہ داری کو تعلیمی معیار سے جوڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسمارٹ کلاس روم محض ایک انفراسٹرکچر کا اضافہ نہیں بلکہ انٹرایکٹو لرننگ، ڈیجیٹل تعاون اور تعلیمی شانداری کی ایک نئی سمت ہے۔ یہ ہمارے مشترکہ وژن کی نمائندگی کرتا ہے، ایک ایسا مستقبل جہاں طلبہ بااختیار ہوں اور اساتذہ زیادہ مؤثر انداز میں قابلِ رسائی ہوں۔