آئی سی سی آئی آل پاکستان چیمبرز صدور کانکلیو کی میزبانی کرے گا، سردارطاہر محمود

بدھ 17 ستمبر 2025 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ تاجر برادری کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے ٹھوس اور قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کے لیے جلد ہی آل پاکستان چیمبرز کے صدور کا ایک اجلاس بلائے گا۔ یہ تجاویز حکومت کو پیش کی جائیں گی تاکہ ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بات آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن (IIA) کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس نے انہیں بطور صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کے لیے آئی سی سی آئی کا دورہ کیا۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے صنعتی شعبے کی معاونت بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک فروغ پزیر صنعت نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے بلکہ برآمدات پر مبنی اشیا کی پیداوار کو بھی فروغ دیتی ہے، اس طرح ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملتی ہے۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی صنعتی برادری کے چیلنجز سے نمٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیگا اور اعلان کیا کہ چیمبر جلد ہی اپنی ترجیحات آشکار کریگا جن میں تجارت اور صنعت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اس موقع پر IIA کے صدر شیخ عبدالرزاق اور سینئر نائب صدر محمد علی مرزا نے صنعت کو درپیش کلیدی چیلنجوں پر روشنی ڈالی، خاص طور پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) سے جڑے مسائل، جن میں بھاری ٹیکس، ریگولیٹری رکاوٹیں، اور صنعتی انفراسٹرکچر کی بگڑتی ہوئی حالت شامل ہیں جو پائیدار کاروباری ترقی میں رکاوٹ ہیں۔

آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے کہا کہ آئی سی سی آئی کی قیادت تاجر برادری کی حقیقی نمائندہ ہے اور اس کی پوری دلجمعی سے خدمت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے بھی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے فاؤنڈر گروپ کے وژن کے مطابق کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی سی سی آئی کے سابق صدور بشمول میاں شوکت مسعود، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، اور شیخ عامر وحید کے ساتھ آئی آئی اے کے دیگر ممبران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کے درمیان اتحاد اس کے چیلنجز کو حل کرنے کی کلید ہے۔