کراچی چلڈرن غزہ مارچ مظلوم فلسطینی بچوں سے یکجہتی کی علامت ہے ،ْجاوداں فہیم

اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے، مسلم ممالک روایتی بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں، ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی

بدھ 17 ستمبر 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ، جاوداں فہیم نے کراچی میں ہونے والے ’’کراچی چلڈرن غزہ مارچ ‘‘کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے جو بڑی طاقتوں کی پشت پناہی کے باعث کھلے عام عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم ممالک روایتی بیانات اور خاموشی سے آگے بڑھتے ہوئے عملی طور پر میدان میں آئیں اور صیہونی جارحیت کو منہ توڑ جواب دیں۔

جاوداں فہیم نے کہا کہ غزہ میں بڑھتے ہوئے مظالم، معصوم بچوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر پوری دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں ہونے والا اسکولوں کے بچوں کا غزہ مارچ نہ صرف مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا مظہر ہے بلکہ یہ اس بات کا اعلان بھی ہے کہ اہلِ کراچی اور پاکستان کے بچے قبلہ اول کی آزادی تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی بربریت اور نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی تاریخ دنیا کے سامنے ہے لیکن افسوس کہ عالمی ادارے اور بڑی طاقتیں اس ظلم کے سامنے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مارچ دراصل معصوم شہداء کو خراج عقیدت اور زندہ ضمیروں کو جھنجھوڑنے کی ایک بھرپور کوشش ہے۔جاوداں فہیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی کی خواتین اور بچے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دنیا کے ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ غزہ اور فلسطین کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ وہ تنہا نہیں، پوری امت مسلمہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان شاء اللہ قبلہ اول کو صیہونی تسلط سے آزاد کرایا جائے گا۔