uگوادر،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا مختلف ہسپتالوں کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 22:15

پ*گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء)رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے چیرمین گوادر پورٹ کے ہمراہ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال پہنچنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے ان کا استقبال کیا۔چیرمین گوادر پورٹ اور ایم پی اے گوادر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جن میں ڈائیلاسز سینٹر، تھلیسیمیا سینٹر، ڈینٹل وارڈ اور دیگر وارڈز شامل تھے۔

اس موقع پر چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے ڈائیلاسز سینٹر میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے جی پی اے کی جانب سے ہفتہ وار پانی کی سپلائی کے احکامات موقع پر ہی جاری کیئے۔انہوں نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کے آلات اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال کو ہیلتھ کارڈ سے منسلک کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹرز نے چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے اقدامات سے مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گید۔دریں اثناء مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور چیرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے جی ڈی اے انڈس ہسپتال گوادر کا دورہ کیا۔

ہسپتال پہنچنے پر سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر عفان فائق زادہ اور ایڈمن آفیسر نادل علی بلوچ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے موقع پر سی ای او ڈاکٹر عفان نے ہسپتال کو درپیش مسائل پر بریفنگ دی، جن میں بجٹ کی کمی، بجلی کے مسائل، ڈائیلاسز کی سہولیات اور میڈیکل و نرسنگ کالج کے قیام کی ضرورت شامل تھی۔ ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ مریضوں کو اکثر ایمرجنسی میں ڈائیلاسز کے لیے ڈی ایچ کیو اور دیگر شہروں میں بھیجنا پڑتا ہے، جبکہ کارڈیالوجی اور گیسٹرو کے شعبوں میں بھی سہولتوں کی کمی ہے۔

اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان کو آن اسپاٹ کال کرکے بجٹ اور ڈائیلاسز کے مسئلے کے فوری حل کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات اپنے ضلع ہی میں دستیاب ہوں۔ ملاقات میں مستقبل میں گوادر پورٹ اتھارٹی اور جی ڈی اے انڈس ہسپتال کے اشتراک سے جی پی اے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ میں نرسنگ کورس کے آغاز پر بھی اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ جی ڈی اے انڈس ہسپتال میں میموگرافی، کارڈیالوجی اور دیگر اسپیشلائزڈ ڈیپارٹمنٹس کے قیام پر بات ہوئی، جبکہ نرسنگ اور میڈیکل کالج کے قیام کے لیے صوبائی سطح پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا