Live Updates

مینز ٹی ٹونٹی ایشیاکپ،پاکستان نے یو اے ای کو 41رنز سے ہرا کر سپرفور مرحلہ کیلئے کوالیفائی کر لیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 00:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) مینز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو41 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی،اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سپرفورمرحلہ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، جواب میں یو اے ای کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 105 رنز بنا سکی،فخرزمان کے سوا دیگر پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی مایوس کن رہی، فخر50 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاہین شاہ آفریدی کو عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بدھ کو دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے دسویں میچ میں یو اے ای کے کپتان محمدوسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا تور پاکستانی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 146 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، پاکستانی اووپنرز کی کارکردگی مایوس کن رہی اور 9 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے اور صاحبزادہ فرحان 5 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر فخرزمان اور کپتان سلمان آغا نے میدان سنبھالا، دونوں نے مشکل وقت میں 61 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، سلمان آغا 20 رنز بنا سکے،فخرزمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی، حسن نواز 3، خوشدل شاہ 4 محمدحارث 18، محمدنواز 4 اور حارث رئوف بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، شاہین شاہ آفریدی 29 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جنید صدیقی نے 4، سمرنجیت سنگھ نے 3 اور پراشار نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں یو اے ای کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی، راہول چوپڑا 35، پراشار 20، علیشان 12، کپتان محمدوسیم 14، محمدزوہیب 4، حیدرعلی 6، سمرنجیت ایک،محمدروحید دو جبکہ آصف خان، ہرشیت بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور ابرار احمد نے دو، دو صائم ایوب اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ لی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات