Live Updates

عمران خان پر جھوٹے مقدمات قائم کرنے والے خود اس کا اعتراف کرینگے ‘ مسرت جمشید چیمہ

پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے جامع پیکج کا اعلان کرے ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 18 ستمبر 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک و قوم کیلئے جس بہادری اور دلیری سے جیل کاٹی ہے پاکستانی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ، ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب جھوٹے مقدمات قائم کرنے والے قوم کے سامنے خود اعتراف کریں گے اور بانی پی ٹی آئی سر خرو ہوں گے ، معیشت پر کاسمیٹکس کا لیپ اور اس کی مضبوطی کا ڈھنڈورا پیٹنا ہر دور میں (ن) لیگ والوں کا وطیرہ رہاہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیلاب سے پنجاب کی زرعی معیشت تباہ ہو گئی ہے لیکن حکومت ابھی تک بحالی کا کوئی منصوبہ پیش نہیں کر سکی ، پنجاب کی وزیر اعلیٰ آنیاں جانیاں چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے جامع پیکج کا اعلان کریں ۔ وزیر اعلیٰ یہ تاویل پیش کر رہی ہیں کہ وہ باہر نکلتی ہیں تو فیلڈ میں موجود افسران کا م کرتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ جب وزیر اعلیٰ فیلڈ میں نہیں ہوتیں تو متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا جو تشویش کی بات ہے۔ مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ فوری طو رپر متاثرین کی بحالی کا منصوبہ پیش کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات