گوجرخان ،عدالت کا توہین سادات کے مقدمے میں گرفتار پیر محمود احمد قادری کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:16

گوجر خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)گوجرخان کے نواحی گائوں موہڑہ بھگو کے رہائشی پیر محمود احمد قادری کو عدالت نے توہین سادات کے مقدمے میں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، تھانہ گوجرخان میں مقدمہ نمبر 1029 تحت دفعہ 295-A اور 298 ت پ درج ہوا تھا۔ ملزم کے خلاف مدعی سید مزمل شاہ تھے جن کی پیروی سینئر وکیل سید منصور شاہ ایڈووکیٹ نے کی۔

معاملہ اس وقت پیش آیا جب چند ہفتے پہلے نواحی گائوں موہڑہ بھگو میں ایک تقریب کے دوران پیر محمود قادری نے اپنے خطاب میں سادات کے بارے میں نامناسب اور توہین آمیز گفتگو کی۔ اس واقعے پر مقامی اہل سنت والجماعت اور خاص طور پر اہل سادات میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پھیل گیا، جس کے بعد حالات کے خراب ہونے کے خدشات پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے پولیس تھانہ گوجر خان میں 2025-8-24 کو ملزم محمود قادری کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی تھی عدالت کارروائی کے دوران، ملزم کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ملزم کے وکیل کی بحث کے بعد، مدعی کے وکیل سید منصور شاہ ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل پیش کیے۔ ایڈیشنل سیشن جج عبداللہ عثمان نے مدعی کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست مسترد کردی اور ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم صادر کر دیا۔ فیصلے کے فورا بعد گوجرخان پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔اس موقع پر سید مزمل شاہ سید قیصر شاہ و دیگر احباب موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ اہل سادات کی توہین اور نبی کریم ﷺ اور ان کی آل پاک کی گستاخی کو کسی صورت قابل قبول نہیں کیا جائے گا ۔