سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا،پاکستان بزنس فورم

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پاکستان بزنس فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قومی و علاقائی اہمیت کا حامل اور دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد و ہم آہنگی کی علامت قرار دیا ہے۔فورم کی سینئر نائب صدر آمنہ منور اعوان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کا یہ اتحاد ایک فیصلہ کن لمحہ ہے جو نہ صرف دفاعی سطح پر بلکہ معاشی میدان میں بھی نئی راہیں کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک میں طویل المدتی سرمایہ کاری،مشترکہ منصوبہ جات اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری حلقے سعودی عرب کو ہمیشہ سے ایک کلیدی تجارتی شراکت دار کی نظر سے دیکھتے آئے ہیں اور اب جبکہ دونوں ممالک سیاسی و دفاعی سطح پر باہمی اعتماد کو نئی جہت دے رہے ہیں،تو نجی شعبے کیلئے بھی شراکت داری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

آمنہ اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب اور سعودی ولی عہد کی جانب سے پرتپاک میزبانی اور سعودی فضائیہ کی جانب سے وزیر اعظم کے طیارے کو سعودی فضائی حدود میں خوش آمدید کہنا،اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کو سعودی قیادت کتنی اہمیت دیتی ہے۔یہ نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ تزویراتی ہم آہنگی کا بھی مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت،صنعتی صلاحیت، اور جغرافیائی محل وقوع سعودی وژن2030 کے اہداف کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ہیں،جبکہ سعودی عرب کی توانائی،انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پاکستان کے معاشی منظرنامے کو بہتر بنا سکتی ہے۔یہ معاہدہ دنیا بھر کی ابھرتی ہوئی منڈیوں کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے۔