الیکٹرک بسوں کے اجرا سے سلانوالی کے مکینوں کا معیار زندگی بلند ہوگا، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ ہم نعروں کی سیاست کی بجائے عملی اقدامات اور وعدوں کی تکمیل کرتے ہیں جس کا عملی ثبوت تحصیل سلانوالی کی ترقی ہے جہاں آج سے عوام کے لیے الیکٹرک بسوں کا اجرا ہو جائے گا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحصیل سلانوالی میں ہینڈی کرافٹ کی صنعت سے وابستہ افراد کو بہتر سے بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،وزیراعلی پنجاب کی جانب سے اس علاقے کی ترقی کے لیے سڑکوں ،سیوریج ،پینے کے صاف پانی ، بجلی ،گیس ،تعلیم ،صحت اور اسی طرح دیگر روزمرہ کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے پانچ ارب روپے سے زائد کے فنڈز کا اجرا کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ ہم وعدے نہیں بلکہ عملی کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ،ہمارے مخالفین نے ہمیشہ تحصیل سلانوالی کو پسماندہ رکھا مگر اب یہاں کے عوام کو سرگودھا کے لوگوں کی طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کے اجرا سے یہاں کے عوام کا معیار زندگی یقیناً بلند ہوگا اور یہاں کے شہریوں کو گرمیوں میں ایئر کنڈیشن اور سردیوں میں ہیٹر والی بسیں دستیاب ہوں گی ۔ ان بسوں کے اجرا سے لوگ خصوصاً خواتین کو تحفظ کا احساس ہوگا اور وہ باوقار طریقے سے سفر کر سکیں گی۔