کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت نگرانی کے طریقہ کار "صوبائی ایکشن پلان" پر عملدرآمد کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس

جمعرات 18 ستمبر 2025 18:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ نگرانی کے طریقہ کار "صوبائی ایکشن پلان" کے تحت عوامی مسائل کے حل کےلیے کھلی کچہریوں کو نتیجہ خیز بنایا جائے، کھلی کچہریوں کے زریعے موصول تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی جائے، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن میں مزید تیزی لائی جائے، موسم میں تبدیلی کے پیشِ نظر ڈینگی کے روک تھام کےلیے پیشگی اقدامات مزید تیز کئے جائیں، تمام اضلاع میں غیر قانونی مائننگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے، پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں آٹے کی قیمتیں اعتدال پر رکھنے کےلیے اسسٹنٹ کمشنرز کے زریعے مارکیٹ سروے کرنے اور قمیتوں کو کنٹرول کرنے کےلیے اقدامات کیے جائیں، عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ پر فراہمی کےلیے چھاپوں کا سلسلہ تیز کیا جائے، تمام اضلاع میں مدارس رجسٹریشن جلد سے جلد مکمل کی جائے، غیر قانونی کرشک پلانٹس اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔

(جاری ہے)

یہ احکامات کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے صوبائی حکومت کی ہدایات پر نگرانی کے طریقہ کار صوبائی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیے۔ ویڈیو لنک اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں تمام پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے اپنے اپنے اضلاع میں امن و امان، خدمات کی فراہمی اور مختلف امور سے متعلق کمشنر پشاور ڈویژن کو تفصیلی آگاہی دی جس کے تناظر میں ضروری احکامات جاری کیے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے صوبائی حکومت کی جانب سے نگرانی کے طریقہ کار صوبائی ایکشن پلان پر پورا پورا عمل درآمد کرنے، خدمات اور سہولیات کی فراہمی میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اگلے ہفتے جائزہ اجلاس طلب کیا۔