آئی سی سی آئی اور یو بی جی کے وفد کی کرغزستان کے سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے مشترکہ پالیسی بنانے پر اتفاق

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے کرغز جمہوریہ کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور کرغزستان کے پاکستان میں نئے سفیر کلچبیک سلطان کو ان کی پاکستان میں تقرری پر مبارکباد پیش کی۔وفد میں صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود، سیکرٹری جنرل یو بی جی و سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری، نائب صدر آئی سی سی آئی عرفان چوہدری، سابق صدر آئی سی سی آئی خالد اقبال ملک اور ایگزیکٹو ممبر ایف پی سی سی آئی و سابق صدر چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وقار ظفر بختاوری اور رانا قیصر شہزاد شامل تھے۔

کلچبیک سلطان نے آئی سی سی آئی اور یو بی جی کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ کاروباری اور اقتصادی تعلقات کو باہمی بنیادوں پر مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کرغزستان کی روایتی مہمان نوازی، خوشگوار موسم، قدرتی حسن اور وسیع سیاحتی مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے عملی تجاویز اور منصوبہ بندی ضروری ہے۔

صدر آئی سی آئی سردار طاہر محمود نے کہا کہ آئی سی سی آئی کرغزستان،پاکستان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت باہمی طور پر فائدہ مند ہونی چاہئے اور اس مقصد کے لئے کاروباری وفود کے تبادلوں کو آسان بنانے کے لئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔سیکرٹری جنرل یوبی جی ظفر بختاوری نے تجارتی روابط میں بہتری، ویزا سہولت اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط کرنا دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں مددگار ہوگا۔

خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کے آم، چاول اور دیگر مصنوعات کرغزستان کی منڈیوں میں جگہ بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے مشترکہ تجارتی نمائشوں اور مارکیٹنگ اقدامات کی تجویز پیش کی تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔وقار ظفر بختاوری نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے ساتھ براہِ راست تجارتی روابط قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید تقویت ملے۔ نائب صدر آئی سی سی آئی رانا قیصر نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کے لئے بزنس کمیونٹی کے وفود کی امدورفت کو آسان بنایا جائے ۔