عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، ظاہر شاہ طورو

وزیر خوراک کا ولی انٹرچینج طورو روڈ کا ایم ڈی پی کے ایچ اے اور دیگر افسران کے ہمراہ تفصیلی دورہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے گزشتہ روز مینیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اور متعلقہ افسران کے ہمراہ ولی انٹرچینج طورو روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر تحصیل صدر مردان الیاس طورو اور جہانگیر خان بھی موجود تھے۔وفد نے ولی انٹرچینج سے طورو روڈ کا معائنہ کیا اور سڑک کی دوبارہ تعمیر اور مرمت پر غور کیا۔

صوبائی وزیر نے موقع پر موجود عوامی نمائندوں اور شہریوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ مذکورہ روڈ پر مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت زیادہ ہونے کی وجہ سے سڑک کی حالت خراب ہو چکی ہے۔ وزیر خوراک نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے سڑک کی دوبارہ پختگی اور مرمت کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اس موقع پر کہا کہ عوامی فلاح و بہبود حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے اور تمام سرکاری اداروں کو عوامی خدمت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :