پنجاب یونیورسٹی میلا د کمیٹی کے زیر اہتمام محفل میلا د

جمعرات 18 ستمبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ ہماری زندگی کی رونقیں اور برکتیں آپﷺ سے ہیں اورسچا عاشق رسولۖ ہونے کیلئے آپ ۖ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنا ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میلا د کمیٹی کے زیر اہتمام محفل میلا د نبی ۖ سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرسکالر فہد علی کاظمی، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، خزانہ دار تسنیم کامران، کنٹرولر امتحانات محمد رف نواز، ریذیڈنٹ آڈیٹر حسن رف، سرپرست اعلی اور خزانہ دار ہوم کنامکس یونیورسٹی محمد کاشف،چیئرمین میلاد کمیٹی ثنا اللہ شاہ اورملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ نبی کریم ۖ کے فضائل بیان کئے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

ہمیں آپ ۖ کا بچپن، جوانی، پیشہ ورانہ زندگی سمیت زندگی کے ہر پہلو کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ۖ کی تعریف کے لئے ہمارے پاس ایسے الفاظ نہیں جو حق ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ ۖ کی سیرت سے متعلق کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرقہ واریت سے ہٹ کر نبی کریم ۖ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا کا عظیم مذہب ہے اور مسلمان ایک عظیم قوم ہے لیکن آپۖ کی تعلیمات پر عمل نہ کرکے امت مسلمہ نقصان اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر میلاد کمیٹی کے ممبران، نعت خواں اور مقررین کی تعریف کی۔