پاکستان آئے ہوئے مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کا دورہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے جمعرات کو پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کا دورہ کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات عاصم خان گورایہ نے وفد کا خیر مقدم کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات باہمی احترام اور جمہوریت کے فروغ کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمان عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات تحقیق، تربیت اور قانون سازی کی ترقی کے لیے قائم کیا گیا اور آج یہ ادارہ وفاقی اور صوبائی سطح کے اراکین پارلیمان کو خدمات فراہم کرنے والا عالمی سطح پر تسلیم شدہ مرکز بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ تجربات کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے کا بہترین موقع ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (تحقیق) محمد راشدمفضول ذکا نے وفد کو ادارے کے ڈھانچے، دائرہ کار اور نمایاں کامیابیوں پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات ایک اعلیٰ اختیاراتی، کثیر الجماعتی بورڈ آف گورنرز کے تحت کام کرتا ہے اور عالمی سطح پر ایک معتبر پارلیمانی مرکز کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ برطانوی پارلیمان نے گزشتہ پانچ برسوں کی شاندار خدمات کی بنیاد پر پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کو دنیا کے 183 ممالک کے مساوی اداروں میں صفِ اول میں شمار کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ادارہ اب تک 425 سے زائد تربیتی پروگرامز منعقد کرچکا ہے، 2000 سے زیادہ تحقیقی مطالعات پارلیمانی اراکین، کمیٹیوں اور کاکسز کو فراہم کرچکا ہے، اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وژن کے مطابق 17 جامعات میں پارلیمانی تعلیم کے نصاب متعارف کرا چکا ہے۔ 2019 سے اب تک ادارہ ترکیہ، کمبوڈیا اور زیمبیا کے پارلیمانی وفود اور عملے کے لیے متعدد بین الاقوامی کانفرنسز اور تربیتی سیشنز کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔

اپنے اختتامی کلمات میں رکن مجلس مالدیپ حسنئی مبارک نے اسپیکر پیپلز مجلس عبدالرحیم عبداللہ کی جانب سے، پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کی میزبانی اور علمی تبادلوں پر شکریہ ادا کیا اور اس دورے کو پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔وفد کے اراکین نے پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ پارلیمانی تربیتی مرکز قرار دیا جو مالدیپ کی مجلس کے اراکین اور عملے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز منعقد کرسکتا ہے۔

ڈاکٹر شائستہ خان رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ادارے کے تحت بجٹ اور معیشت سے متعلق منعقدہ سیشنز نہایت سودمند ثابت ہوئے ہیں اور ہم مستقبل میں ادارے کے پلیٹ فارم پر نوجوانوں کے لیے بھی خصوصی پروگرامز منعقد کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ پاکستان–مالدیپ فرینڈشپ گروپ کے مقاصد کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات عاصم خان گورایہ نے وفد کے سربراہ کو یادگاری شیلڈ اور تمام معزز مہمانوں کو ادارے کی مطبوعات کا تحفہ پیش کیا۔