Live Updates

فیصل آباد، پیسٹی سائیڈز انسپکٹرز کو زر عی ادویات و کھادوں کی کوالٹی پر نظر رکھنے کی ہدایت

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت نے تمام پیسٹی سائیڈز انسپکٹرزوزراعت افسران کوزر عی ادویات و کھادوں کی کوالٹی پر نظر رکھنے سمیت جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف فوری سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے تاکہ جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر معیاری کھادوں کے استعمال سے فصلات کی تباہی اور کاشتکاروں کوپہنچنے والے مالی نقصان کو روکا جاسکے۔

شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی فصلوں کی پیداوار پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے لہٰذاپنجاب حکومت زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی پر مکمل توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے کیونکہ جعلی وغیر معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی وجہ سے ہر سال کاشتکاروں کا کثیر زرمبادلہ ضائع ہوجاتا ہے جوکہ بہت بڑا ملکی وزرعی نقصان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھادوں اور زرعی ادویات کی کوالٹی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گالہٰذا انسپکٹرمحکمہ زراعت کے افسران کے ساتھ زرعی ادویات کی کمپنیوں اور ڈیلروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ترجیحات کو سمجھیں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ اور جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والے عناصر کا قلع قمع کرنے میں محکمہ زراعت کے افسران سے تعاون کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کے حصول میں مسائل اور رکاوٹیں برداشت کرنا پڑتی ہیں جن میں قدرتی آفات، سیلاب،بے وقت بارشیں، کیڑوں اور بیماریوں کا حملہ، درجہ حرات کی کمی بیشی جیسے مسائل قابل ذکر ہیں تاہم اس قسم کی صورتحال کا مقابلہ بہترمنصوبہ بندی سے کیا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت ہر قسم کے وسائل کاشتکاروں پر نچھاور کرنے کیلئے تیار ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات