آئی پی او نے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس انفورسمنٹ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان نے کاروباری اور تخلیقی برادری کے فائدے کے لیے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس انفورسمنٹ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔چیئرمین آئی پی او پاکستان سفیر (ر) فرخ امل نے ڈائریکٹر جنرل نعمان اسلم کے ہمراہ جمعہ کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں قائم آئی پی او ریجنل آفس میں اس جدید ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر چیئرمین آئی پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شکایت کنندگان کا وقت، توانائی اور وسائل بچانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی درخواستوں کو بآسانی ٹریک اور ٹریس کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ نظام پائریسی اور جعلی سازی جیسے مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کرے گا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو بااختیار بنانے کے ساتھ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی مستحکم کرے گا۔

ان کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کے معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل آئی پی او نعمان اسلم نے کہا کہ آئی پی او پاکستان تخلیقی برادری کے حقوق ملکیت دانش کے تحفظ، رجسٹریشن اور نفاذ کے لیے پرعزم ہے تاکہ کاروباری طبقہ اپنی محنت کے حقیقی معاشی فوائد حاصل کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے نظام کے تحت ملک بھر سے شکایات آن لائن درج کرائی جا سکیں گی، جس سے دفاتر کے غیر ضروری چکر ختم ہوں گے، کارروائی کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی اور شکایت کنندگان کو اپنی درخواستوں کے حوالے سے بروقت آگاہی ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست گزاروں کو محفوظ آن لائن اکاونٹ، اہم تاریخوں کا کیلنڈر اور شکایات کی پیش رفت کے بارے میں مسلسل اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی جو کہ ایک زیادہ موثر، کم خرچ اور وقت بچانے والا نظام ہے۔