ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے انتظامیہ اقدامات کر رہی ہے ،رکن قومی اسمبلی

جمعہ 19 ستمبر 2025 18:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) رکن قومی اسمبلی سردار محمد یعقوب خان ناصر نے ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان سے اْن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع دکی کے عوامی مسائل، ترقیاتی اسکیموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ وہ عوام کی نمائندگی کو ایک ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ دکی کے عوام کو بنیادی سہولیات جلد از جلد فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفاف عمل درآمد سے ہی علاقے کی محرومیاں ختم کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے خاص طور پر صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، بجلی اور سڑکوں کی بہتری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی سطح پر بھی دکی کے ترقیاتی مسائل کو مؤثر طریقے سے اْٹھایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے سردار یعقوب ناصر کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ عوامی مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام سرکاری اداروں کو بھی اس مقصد کے لیے متحرک کیا گیا ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور دونوں جانب سے عزم ظاہر کیا گیا کہ عوام کے مفاد میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔