ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کے مختلف تھانوں کا دورہ، سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے رات گئے تھانہ نون، حاجی کیمپ، تھانہ ترنول اور تھانہ سنگجانی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق انہوں نے تھانہ نون کے ریکارڈ سمیت فرنٹ ڈیسک اور حوالات کا معائنہ کیا اور بند ملزمان کا ڈیٹا بھی چیک کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران کو شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پرانہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ وہ تھانہ میں آ نے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، خصوصا بزرگ شہریوں، عورتوں اور بچوں کے سا تھ ناروا سلوک یاغیر مناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، پٹرولنگ کو مزید موثر اور بامقصد بنائیں، تمام افسران فیلڈ میں رہیں۔