مصر،میوزیم سے 3 ہزار سال پرانا سونے کا مسروقہ کڑا چوری، ملزمہ گرفتار

ہفتہ 20 ستمبر 2025 10:40

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) مصرکی پولیس نے پانچ دن کی کوشش کے بعد میوزیم سے چوری ہونے والا 3300 سال قدیم سونے کا کڑا برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔اردو نیوز نے مصری وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ میوزیم کے سپروائزر نے فرعونوں کے عہد کا ایک خالص سونے کا کڑا چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی جس پر خفیہ ادارے کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔

خفیہ ادارے کے اہلکار پانچ دن کی کوشش کے بعد بالاخر مرکزی ملزمہ تک پہنچ گئے جو اسی میوزیم میں اصلاح و مرمت کی ذمہ دار تھی۔دوران تحقیقات ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس نے کڑا چرا کر اسے ایک تاجر کے ہاتھوں ایک لاکھ 80 ہزار مصری پاؤنڈ میں فروخت کر دیا ہے۔تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کی نشاندہی پر تاجر کو حراست میں لے لیا جو اس کڑے کو آگے 1 لاکھ 94 ہزار پاؤنڈ (4027 امریکی ڈالر) میں ایک سنار کو فروخت کرچکا تھا جو خام سونے کو گلا کر اس سے زیورات بناتا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے فوری طور پر سنار کو گرفتار کیا جس نے کڑا پولیس کے حوالے کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ مسروقہ کڑا 600 گرام خالص سونے کا تھا جو مصری فرعونوں کے دور کی ایک قدیم و نادر چیز تھی جس کی قیمت تاریخی ہونے کے اعتبار سے بہت زیادہ تھی۔دوسری جانب مصری وزارت سیاحت وثقافت کا کہنا ہے کہ میوزیم میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور ملزمہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو۔