یونائیٹڈ نیشن کے وفد کی ایشیاء کی سب سے بڑی مرچ منڈی کنری کا دورہ

ہفتہ 20 ستمبر 2025 15:56

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے قاسم سراج سومرو نے یو این کے وفد کے ساتھ مرچ منڈی کا دورہ کیا۔وفد نے مرچ منڈی ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد سعید،بیوپاریوں ایم سلیم آرائیں،مکھی یوڈسٹر،عرفان سلیم،آبادگاروں غلام اکبر درس،مظہر درس سے ملاقات کرکے مرچوں سمیت دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔

اس موقع پر یو این ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کا کہنا تھا کہ مرچ منڈی دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے مگر مرچ منڈی میں اعلیٰ کوالٹی کی مرچ نہ ہونے سمیت بیوپاریوں کو کئی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد سرخ مرچوں کی کوالٹی اور مرچ کے کاروبار کے حوالے سے معلومات حاصل کرنا ہے،اس موقع پر ایم پی اے قاسم سراج سومرو نے کہا کہ نئی مرچ منڈی کے میگا پروجیکٹ کا کام کافی عرصہ سے التواء کا شکار ہے وہ کوشش کریں گے کہ کام جلد مکمل ہو اور بیوپاریوں کو درپیش مسائل حل ہوں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں یو این کے وفد نے گاؤں مانجھاکر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے نواب تیمور تالپور سے بھی ملاقات کی اور علاقے کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی۔بیوپاریوں کی جانب سے یو این کے وفد کو سندھی اجرکوں کے تحفے بھی پیش کئے گئے۔\378