تحریک آواز چاغی کا دالبندین میونسپل ملازمین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی حکومت سے تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 20 ستمبر 2025 18:07

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء)تحریک آواز چاغی نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بلوچستان کے دیگر شہروں کی طرح دالبندین میونسپل کمیٹی کے ریگولر ملازمین، ڈیلی ویجز، پنشنرز اور خاکروب تین ماہ سے تنخواہوں اور بقایاجات سے محروم ہیں۔ اس سنگین صورتحال کے باعث ملازمین گزشتہ چار دنوں سے احتجاجاً ہڑتال پر ہیں اور شدید مالی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکام بالا اور صوبائی وزرائ کو بخوبی علم ہے کہ صوبے بھر کی میونسپل کمیٹیاں اور میونسپل کارپوریشنز کے ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث بدترین حالات سے گزر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود کسی صوبائی وزیر یا ذمہ دار نے ان مسائل کو حل کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

(جاری ہے)

تنخواہوں اور فنڈز کی عدم فراہمی کے باوجود میونسپل کمیٹی دالبندین نے بڑی مشکل سے اپنی خدمات انجام دی تھیں، مگر اب مقامی دکانداروں اور سبزی فروشوں نے مزید ادھار دینا بھی بند کردیا ہے جس سے ملازمین کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی دشوار ہوگیا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق، فنڈز نہ ہونے کے باعث شہر اور مضافات میں صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں چار دنوں سے مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہیں، جبکہ ٹریکٹرز اور دیگر مشینری کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بھی بند کردی گئی ہے۔ اگر خدانخواستہ آگ لگنے جیسا کوئی ہنگامی واقعہ پیش آ گیا تو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود ضرور ہیں، مگر موجودہ صورتحال میں بلدیاتی سرگرمیاں مکمل طور پر رکی ہوئی ہیں۔

شہریوں کے مطالبے پر صرف کتا مار مہم جاری رکھی گئی ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تاہم صفائی عملے کی غیر حاضری کے باعث دالبندین شہر خصوصاً ہندو محلہ اور مرکزی بازاروں کی گلیاں اور چوراہے کچرے کے ڈھیروں سے بدترین منظر پیش کررہے ہیں۔تحریک آواز چاغی نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ملازمین کی حالت اب ناقابلِ برداشت ہوچکی ہے، وہ بنیادی ضروریاتِ زندگی سے بھی محروم ہیں۔

اگر فوری طور پر تنخواہیں بحال نہ کی گئیں تو میونسپل کمیٹی دالبندین کے مطابق احتجاج اور ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا، جس سے پورے شہر کا نظام درہم برہم ہوجائے گا۔تحریک آواز چاغی نے وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیر خزانہ اور دیگر حکام بالا سے پرزور اپیل کی ہے کہ صوبے بھر کے میونسپل ملازمین، خصوصاً دالبندین میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہیں اور فنڈز فی الفور بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ عوام اور ملازمین کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔