Live Updates

الخدمت فاؤنڈیشن مذہب،مسلک، رنگ ونسل سے بالاترہوکردکھی انسانیت کیلئے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے، طارق سلیم

ہفتہ 20 ستمبر 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن مذہب،مسلک، رنگ ونسل سے بالاترہوکردکھی انسانیت کیلئے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے،ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے ریلیف آپریشن شروع کر رکھاہے، الخد مت فاونڈیشن کے پندرہ ہزار رضاکار متاثرہ علاقوں میں دن رات سرگرم ہیں اور عوام کو خوراک، خیمے، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں بنیادی گھریلو سامان تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہایہ وقت قوم کے اتحاد اور یکجہتی کا ہے اور ہم سب کو اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ الخد مت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو راشن بیگز، پینے کے صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، مزید برآں عارضی شیلٹر ہومز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں بے گھر ہونے والے افراد اور ان کے بچوں کو پناہ دی جا رہی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد، ادویات اور ویکسین فراہم کر رہی ہیں تاکہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

اس کے علاوہ سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات