لبنان ، گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص جاں بحق

اتوار 21 ستمبر 2025 09:40

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) لبنان میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔العربیہ نے لبنانی وزارت صحت کے حوالہ سے بتایا کہ جنوبی لبنان میں الخردلی سڑک پر ایک گاڑی پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کئی مہینوں سے جنگ بندی نافذ ہے۔

اسرائیل ایک سال سے زیادہ جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد نومبر 2024 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود لبنان میں باقاعدگی سے حملے کررہا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ان حملوں میں حزب اللہ کو نشانہ بنا رہا ہے۔ جمعہ کو بھی اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جنوب میں دو افراد مارے گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے حزب اللہ کے کمانڈر عمار ہائل قصیبانی اور ان کے قوۃ الرضوان یونٹ کے ایک رہنما کو مار دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ حملے جنوبی لبنان کے پانچ دیہاتوں میں اسرائیلی حملوں کے ایک روز بعد ہوئے ہیں ۔ لبنان نے ان حملوں کی مذمت کی ہے اور لبنان کے صدر جوزف عون نے ایک بیان میں جنگ بندی کے معاہدے کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی خاموشی کو ایک خطرناک کوتاہی قرار دیا اور کہا کہ یہ خاموشی ان حملوں میں اضافے کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان خلاف ورزیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

امریکی دباؤ کے تحت لبنانی حکومت نے گزشتہ ماہ فوج جو اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ سے کافی کمزور ہو چکی ہے ،سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کرنے کی درخواست کی تھی ۔ وزیر خارجہ یوسف روجی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فوج تین ماہ کے اندر سرحدی علاقے میں جنگجوؤں کو غیر مسلح کرنے کا کام مکمل کر لے گی۔لبنانی فوج نے بتایا ہے کہ تازہ حملوں کے بعد اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی تعداد 4,500 تک پہنچ گئی ہے۔ لبنانی فوج نے کہا اسرائیلی حملے اس کی غیر مسلح کرنے کے منصوبے کو نافذ کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔