فرنیچر اور انٹیریئرز انڈسٹری میں انٹرن شپ طلبہ کو جدت و نئے رجحانات سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی

اتوار 21 ستمبر 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے کہا ہے کہ فرنیچر اور انٹیریئرز انڈسٹری میں انٹرن شپ طلبہ میں اعتماد پیدا کرنے، جدت و نئے رجحانات سے روشناس کرانے اور انہیں بین الاقوامی منڈیوں میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے زیراہتمام چن ون کے تعاون سے منعقدہ سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کے100 شرکا کے آخری بیچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت عالمی سطح پر سب سے زیادہ تخلیقی اور مسابقتی شعبوں میں سے ایک ہے۔ کلاس روم اس علم و ہنر کی نظریاتی بنیادیں فراہم کرتا ہے، لیکن انٹرنشپ طلبہ کو ان تصورات کو حقیقت کا روپ دینے کے قابل بناتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ انٹرن شپ پروگرام نہ صرف انہیں جدید ٹیکنالوجی، آلات اور ڈیزائن کے رجحانات سے آشنا کرتے ہیں بلکہ انہیں عالمی منڈیوں کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے قابل بھی بناتے ہیں اور صنعت کے ماہرین کے ساتھ براہ راست کام کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ مختلف یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جی ایم انٹیریئرز چن ون ماریہ توقیر نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائن کی صنعت میں برآمدات کی بے پناہ صلاحیت ہے اور انٹرن شپ کے ذریعے نوجوان ٹیلنٹ کو صنعت میں شامل کرکے پاکستان کی عالمی منڈیوں میں پوزیشن کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

یہ پروگرامز اکیڈمی اور صنعت کے درمیان فرق کو ختم کرنے اور گریجویٹس کو مارکیٹ ڈیمانڈ پر مبنی مہارتیں سکھانے میں بہت زیادہ معاون ہیں۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاکستان فرنیچر کونسل اور چن ون کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے مقررین اور مہمانوں، خاص طور پر سابق وی سی یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس اور ڈین لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ زہرہ کاظمی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تقریب کو رونق بخشی۔ آرکیٹیکٹ عاشہ رفاقت،عروج اجمل، انٹیریئر ڈیزائنر حنا ظہیر اور گرافک ڈیزائنر سائرین مقصود نے بھی شرکا کو عملی معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔