آئی سی سی آئی کے صدر اور تاجکستان کے سفیر کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:36

آئی سی سی آئی کے صدر اور تاجکستان کے سفیر کا  دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) پاکستان اورتاجکستان نے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو وسعت دے کر دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود سے ملاقات کی اور انہیں چیمبر کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

سفیر شریف زادہ نے کہا کہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے جہاں کے ذہین اور محبت کرنے والے لوگ اپنی مہمان نوازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے تاجکستان کی اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کیا اور آئی سی سی آئی کے صدر کو بالخصوص اور آئی سی سی آئی کے اراکین کو بالعموم 14-16 اکتوبر 2025ء کو ہونے والے دوشنبہ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ فورم-2025 میں شرکت کی دعوت دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستانی تاجر برادری اس میں شرکت کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو مزید فروغ دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجکستان میں طبی آلات، چمڑے کی مصنوعات، دواسازی اور خاص طور پر دستکاری میں پاکستانی ہنر مند کارکنوں کی وسیع گنجائش موجود ہے۔سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے ان کے دورے اور جذبہ خیر سگالی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان صدیوں پرانے ثقافتی اور سماجی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ان تعلقات کو مضبوط تجارتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کاسا 1000 کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے ریگولیٹری سہولتوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی تاجر تاجکستان کو بطور بیس استعمال کر کے کاروبار کے فروغ کے لیے وسطی ایشیا کی دیگر ریاستوں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔سردار طاہر محمود نے B2B نیٹ ورکنگ کے ذریعے چیمبر ٹو چیمبر تعلقات کو مضبوط بنانے کے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی تعریف کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی مشترکہ خوشحالی کے لیے تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔اپنے اظہار تشکر میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے اس ضرورت پر زور دیا کہ تاجکستان کے سرمایہ کاروں کو عوام سے عوام کے رابطوں کے فروغ کے لیے پاکستان کا کثرت سے دورہ کرنا چاہیے۔