پینٹاگون نے امریکی میڈیا پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

نئے قواعد کے تحت خفیہ اور کنٹرولڈ غیر خفیہ دونوں طرح کی معلومات پر یہ پابندیاں لاگو ہوں گی

اتوار 21 ستمبر 2025 13:05

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے فوجی امور کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر نئی سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ رپورٹرز کو حلف نامے پر دستخط کرنا ہوں گے جس میں یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ وہ صرف وہی معلومات شائع کریں گے جنہیں باضابطہ طور پر جاری کرنے کی اجازت ہو۔

بصورت دیگر ان کے میڈیا کارڈ منسوخ کر دیے جائیں گے۔نئے قواعد کے تحت خفیہ اور کنٹرولڈ غیر خفیہ دونوں طرح کی معلومات پر یہ پابندیاں لاگو ہوں گی۔ اس کے علاوہ رپورٹرز کو پینٹاگون کی عمارت میں آزادانہ نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں صرف سرکاری اہلکار کے ہمراہ مخصوص مقامات تک رسائی ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پریس پینٹاگون نہیں چلاتی، عوام چلاتے ہیں۔

صحافیوں کو اصولوں کی پابندی کرنی ہوگی ورنہ گھر جانا ہوگا۔ان اقدامات کو امریکی صحافتی اداروں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے کہا کہ یہ عوامی ٹیکس پر چلنے والی فوجی سرگرمیوں تک رسائی محدود کرنے کا ایک اور خطرناک قدم ہے۔ نیشنل پریس کلب کے صدر مائیک بالسامو نے بھی ان پابندیوں کو آزاد صحافت پر حملہ قرار دیا اور فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔