شفافیت اور جواب دہی کا نظام کسی بھی ملک کی کامیابی کی بنیاد ہے، فردوس عاشق اعوان

اتوار 21 ستمبر 2025 17:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کا سفر صرف حکومتی پالیسیوں سے ممکن نہیں بلکہ عوام کی شمولیت، خدمتِ خلق اور اجتماعی عزم اس میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس کی قوت اس کی عوام میں پوشیدہ ہے، اور اگر ہم متحد ہو جائیں تو کوئی طاقت ہمیں ترقی کی راہ سے نہیں روک سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام "قومی یکجہتی، شفافیت، نوجوانوں کا کردار" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شفافیت اور جواب دہی کا نظام کسی بھی ملک کی کامیابی کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کے ٹیکس کہاں خرچ ہو رہے ہیں، کون سی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کہاں کمی ہے۔ شفافیت نہ صرف اعتماد بحال کرتی ہے بلکہ بدعنوانی جیسے زخموں کا علاج بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر عوامی نمائندے اور ادارے جواب دہ ہوں کیونکہ یہ نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوان طبقہ ملک کا اصل سرمایہ اور مستقبل کی ضمانت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ تعلیم، ہنر اور مواقع کے ذریعے انہیں مثبت سمت دیں تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ملک ترقی کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔