اٹک، مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،ڈویژنل سپرٹنڈنٹ ریلوے

اتوار 21 ستمبر 2025 18:30

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) ڈویژنل سپرٹنڈنٹ پشاور فرمان غنی نے ڈویژنل افسران کے ہمراہ اٹک سٹی تا کندیاں برانچ لائن سیکشن کی دو روزہ تفصیلی انسپکشن کی، انسپکشن کے دوران ریلوے اسٹیشنوں کی عمارت، مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات، ویٹنگ رومز، بجلی، پنکھوں اور بینچز سمیت صفائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیاانسپکشن کے دوران صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر بسال ریلوے اسٹیشن کے سٹیشن ماسٹر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیاڈی ایس پشاور نے متعلقہ عملے کو ہدایات دیں کہ دستیاب وسائل میں ٹریک، برجز اور لیول کراسنگ کی حالت بہتر بنائی جائے، نمل ریلوے اسٹیشن پر بجلی کی تنصیب جبکہ دومیل ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولت کے لیے پنکھے لگانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے، مزید برآں ریلوے سٹیشنوں پر قائم ویٹنگ رومز کو ہر وقت کھلا رکھنے صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات دیں ،انسپکشن کے دوران وینڈنگ اسٹالز کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور نرخوں کی جانچ پڑتال کی گئی، ڈی ایس پشاور نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کے ویژن کے مطابق مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،کندیاں لوکوشیڈ کے دورے میں ریلیف ٹرین کا خصوصی معائنہ کیا گیا اور حادثے کی صورت میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا گیا،متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیتے ہوئے کم سے کم وقت میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا جائے،ڈی ایس پشاور نے کندیاں ریلوے ہسپتال کا بھی معائنہ کیا اور میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی کہ حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے بچوں کے لیے کندیاں ریلوے اسٹیشن پر میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جائے تاکہ انہیں طبی سہولتیں میسر آ سکیں،انسپکشن کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے مختلف شعبہ جات کے ملازمین کو کیش ایوارڈز دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔

\378