حکومت کشمیر کی سیب کی صنعت کو دانستہ طور پر تباہ کر رہی ہے، وحید پرہ

اتوار 21 ستمبر 2025 23:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے رہنما وحید پرہ نے کہا ہے کہ حکومت وادی کشمیر کی ریڑھ کی ہڈی ”سیب کی صنعت “ کو دانستہ طور پر تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاس سروس کے مطابق وحید پرہ نے ”ایکس “پر لکھا”کشمیر کی سیب کی صنعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن حکومت اسے جان بوجھ کر تباہ وبربرباد کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، کشمیر کے سیب کے بجائے ہماچل پردیش کے سیب کو فروغ دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرینگر جموںشاہر اور مغل روڈ کی دانستہ طور پر ناکہ بندی کی گئی ہے ،یہ سڑکیں بند رکھنے کی وجہ سے پھلوں سے لدے ٹرک پھنسے ہوئے ہیں جس سے کاشتکاروں اور تاجروں کو بڑے پیمانے پر معاشی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہیں سرکاری پروگراموں اور ہندو یاتریوں کے لیے تو کھلی رہتی ہیں۔انہوں نے وادی کی پھلوں کی معیشت کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹ کی بلا روک ٹوک فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔