نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

پیر 22 ستمبر 2025 10:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے، اجلاس 22 سے 26 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کریں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نیویارک آمد پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نےنائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

نیویارک میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ بے حد مصروف وقت گزاریں گے۔ مختلف ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں وزیراعظم کے ہمراہ شرکت کے علاوہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار متعدد وزارتی اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، ان کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ درجن سے زائد ملاقاتیں بھی طے ہیں ۔\932