جی سی سی بینکنگ اثاثے 2024 کے اختتام تک 10 فیصد اضافے سے 3.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے

پیر 22 ستمبر 2025 16:01

مسقط (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے بینکنگ اثاثے 2024 کے اختتام تک 10 فیصد اضافے سے 3.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ نے خلیجی تعاون کونسل کے مرکز برائے اعداد و شمار (جی سی سی-اسٹیٹ) کے حوالے سے بتایا کہ خلیجی ممالک کے کمرشل بینکوں کے مجموعی اثاثے 2024 کے اختتام تک اس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافے کے بعد تقریباً 3.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے آخر تک جی سی سی میں کمرشل بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹس 9.6 فیصد بڑھ کر 2.1 ٹریلین ڈالر ہو گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام رکن ممالک میں بینک ڈیپازٹس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا۔اسی طرح کمرشل بینکوں کی جانب سے فراہم کیے گئے قرضوں کا کل حجم بھی 9.9 فیصد بڑھ کر تقریباً 2.1 ٹریلین ڈالر رہا۔

(جاری ہے)

ان میں سے نجی شعبے کو دیئے گئے قرضوں کا حصہ 80.7 فیصد تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2020 سے 2024 کے دوران بیشتر خلیجی ممالک میں نان پرفارمنگ قرضوں کی شرح کم ہوئی تاہم یہ شرح ہر ملک میں مختلف رہی۔ قرض بمقابلہ ڈیپازٹ کا تناسب بھی رکن ممالک میں مختلف رہا جو 66 فیصد سے 125 فیصد کے درمیان رہا۔جی سی سی ممالک میں کپیٹل ایڈیکویسی ریشو بھی باسل تھری کے عالمی تقاضوں سے کہیں زیادہ رہا جو 2024 میں 32 فیصد سے 17.8 فیصد کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ باسل تھری کے مطابق کم از کم شرح 8 فیصد ہونی لازمی ہے۔کمرشل بینکوں کے خالص منافع میں بھی گزشتہ چار سالوں کے دوران نمایاں اضافہ دیکھا گیا جو کووڈ19 وبا سے پہلے کی سطح سے بھی بڑھ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :