پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول تیزتر کرنے کی ضرورت، یو این چیف

یو این منگل 23 ستمبر 2025 03:00

پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول تیزتر کرنے کی ضرورت، یو این چیف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے دوبارہ منظم ہونے، نیا عزم کرنے اور کوششوں کو ترقیاتی اہداف کی تکمیل پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق اجلاس 'ایس ڈی جی موومنٹ' سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نے خبردار کیا کہ 2030 تک ان اہداف کے حصول میں صرف پانچ سال باقی رہ گئے ہیں اور دنیا کو اب بھی طویل سفر طے کرنا ہے۔

Tweet URL

سیکرٹری جنرل نے واضح کیا کہ دنیا تنازعات، امدادی وسائل میں بھاری کٹوتیوں اور موسمیاتی بحران کی تباہ کاریوں جیسے خطرات سے دوچار ہے جو پائیدار ترقی کے راستے میں بڑی رکاوٹیں بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم، انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں بھی ترقی، امید، اور مواقع کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ پائیدار ترقی کے 17 اہداف پوری دنیا کے لیے ایک بہتر اور پائیدار مستقبل کا خاکہ اور غربت، عدم مساوات، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تباہی، غربت، جنگوں اور ناانصافی جیسے بڑے عالمی مسائل کا حل پیش کرتے ہیں۔

بہتر دنیا کا تصور

انتونیو گوتریش نے کہا کہ ان اہداف کی اصل طاقت ان کی باہم جڑت میں ہے۔

تعلیم صنفی مساوات کو فروغ دیتی ہے، موسمیاتی استحکام خوراک کے تحفظ کو مضبوط بناتا ہے اور قحط کے خلاف اقدامات امن کی بنیاد رکھتے ہیں۔ اس طرح، پائیدار ترقی کے اہداف ایک بہتر دنیا کا تصور کرنے کی تحریک دیتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات، موسمیاتی اقدامات کو ترجیح دینے اور جدید ٹیکنالوجی کو انسانوں کے لیے فائدہ مند بنانے کی پیشگی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کے اقدامات میں امن کو ترجیح دینا لازم ہے۔

اس اجلاس کا مقصد دنیا بھر میں پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر قابل تجدید توانائی، صنفی مساوات اور دیگر اہم شعبوں میں مثبت تبدیلیوں کا بطور خاص تذکرہ ہوا تاکہ ثابت کیا جا سکے کہ عالمگیر مسائل کے باوجود منصفانہ اور جامع تبدیلیاں ترقی کو کیونکر ممکن بناتی ہیں۔