سعودی قیادت کوقومی دن پر جی سی سی اور عرب رہنماؤں کی مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

منگل 23 ستمبر 2025 08:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کے 95 ویں قومی دن پر جی سی سی ممالک اور عرب رہنماؤں نے مبارکباد دی اور تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی ، نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی، وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے۔

شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ نے مبارک باد کے پیغام میں خادم حرمین شریفین کی صحت و سلامتی کے ساتھ درازی عمر اور مملکت کی خوشحالی و ترقی کی دعا کی۔شاہ بحرین نے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی یوم الوطنی کی مبارک باد کا خصوصی پیغام ارسال کیا۔

(جاری ہے)

سلطان عمان ھیثم بن طارق کی جانب سے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو نیک تمناوں کا پیغام ارسال کیا گیا۔

اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو یوم وطنی کی مبارکباد دی ہے۔یاد رہے سعودی عرب کا نیشنل ڈے( یوم وطنی) ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ یوم وطنی تیسری سعودی ریاست کے قیام کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تیسری سعودی ریاست کے قیام کا اعلان 21 جمادی الاول 1351ھ مطابق 23 ستمبر 1932 کو کیا تھا۔ اسی مناسبت سے سعودی قائدین اور عوام 23 ستمبر کو یوم وطنی مناتے ہیں۔