کترینہ کیف اور وکی کوشل نے جلد ننھے مہمان کی آمد کی تصدیق کردی

ان کی شادی 9 دسمبر 2021ء کو ہوئی تھی، شادی کی تقریبات کا انعقاد راجستھان کے ایک ریزورٹ میں کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 ستمبر 2025 15:26

کترینہ کیف اور وکی کوشل نے جلد ننھے مہمان کی آمد کی تصدیق کردی
ممبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء ) بالی ووڈ کے معروف جوڑے کترینہ کیف اور وکی کوشل نے جلد ننھے مہمان کی آمد کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور ان کے شوہر اداکار وکی کوشل کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ انسٹاگرام پر اپنے پہلے بچے کی جلد پیدائش متوقع ہونے کی تصدیق کی، اس حوالے سے کترینہ کیف نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی، تصویر میں کترینہ کیف کا بیبی بمب بھی نمایاں ہے۔

انسٹاگرام پوسٹ کے اس کیپشن میں انہوں نے اپنی زندگی کے بہترین دور کے آغاز کا اعلان کیا اور لکھا کہ ’خوشی اور تشکر کے ساتھ ہم اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کرنے والے ہیں‘، اس سلسلے میں بھارتی میڈیا کی طرف سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ کترینہ اور وکی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش اکتوبر اور نومبر میں ہونے کا امکان ہے، بچے کی آمد کے بعد وہ طویل میٹیرنٹی بریک لیں گی کیوں کہ وہ چاہتی ہیں اپنے بچے کی پرورش میں مکمل طور پر شامل رہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی 9 دسمبر 2021ء کو ہوئی تھی، ان کی شادی کی تقریبات کا انعقاد راجستھان کے ایک ریزورٹ میں کیا گیا تھا جہاں شاہانہ انداز میں بالی ووڈ جوڑے کی شادی انجام پائی تھی اور شادی کے ایک سال بعد ہی ان کے والدین بننے کی افواہیں زیر گردش رہیں، اس کے بعد رواں سال کے آغاز پر پھر سے اس طرح خبریں سامنے آئیں اور اب انہوں نے خود جلد والدین بننے کی تصدیق کردی۔