چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسار کی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات ہوئی‘رابطہ ایپ سے انٹیگریشن پر بریفنگ

منگل 23 ستمبر 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2025ء)چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسار کی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارت ریلوے میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں نادرا کی پاک ایپ کو ریلوے کی رابطہ ایپ سے انٹیگریشن پر بریفنگ دی گئی ۔مسافروں کی سی این آئی سی سے ٹکٹ خریداری اور ویریفکیشن سسٹم متعارف کرانے پر غورہوا۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ سسٹم سے بوگس ٹکٹنگ کا خاتمہ اور سیکیورٹی مسائل بھی حل ہوں گے۔

اقدام سے ریلوے اور ملک دونوں کو فائدہ ہوگا۔ریلوے میں پنشن ویریفکیشن سسٹم لانے پر بھی گفتگوکی گئی ۔وزیر ریلوے نے کہا کہ صرف حقدار پنشنرز کو ادائیگی، جعلی پنشنز کا خاتمہ اور مالی نقصان سے بچت ہوگی۔ ریلوے حکام نے گزشتہ 6 ماہ میں کی گئی ڈیجیٹائزیشن پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ریلوے میں ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی جدید طرز پے بحال کیا جا چکا ہے۔117 کال سینٹر کو انٹرنیشنل لیول پہ بحال کیا جا رہا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ فریٹ مینجمنٹ سسٹم سے اوورلوڈنگ پر قابو پایا جا رہا ہے۔ ریلوے اسٹیشنز پر پی او ایس مشینز اور ATM مشینیں نصب کی جا چکی ہیں۔ اے آئی بیسڈ سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشنز کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے۔ منصوبہ ریلوے میں سیکیورٹی اور سیفٹی بہتر بنائے گا۔ ریلویز ایڈوانسڈ انفراسٹرکچر نیٹ ورک (RAIN) منصوبے پر کام جاری ہے۔منصوبے سے 1700 کلومیٹر ٹریک کی فائبرائزیشن ہوگی۔نادرا چیئرمین نے ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن اقدامات کو سراہا۔نادرا کی جانب سے ریلوے کے ساتھ مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہارکیا گیا۔