پنجاب پولیس منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 12 گینگز کے 30 کارندے گرفتار کرلئے گئے

ملزمان سے اسلحہ، گولیاں، گاڑیاں، نقدی و دیگر سامان برآمد، کاروائیوں کے دوران 257 اشتہاری مجرمان، 84 عدالتی مفرور اور 25 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 ستمبر 2025 20:28

پنجاب پولیس منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 12 گینگز کے 30 کارندے گرفتار ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 ستمبر 2025ء ) ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے میں منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران 12 گینگز کے 30 کارندے گرفتار کرلئے ہیں۔ پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم گروہوں کے خلاف سرگرم عمل ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 گینگز کے 30 کارندے گرفتار کر لئے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے کلاشنکوف، پسٹلز، رائفلز، ریوالورز، بندوقوں سمیت 95 ہتھیار اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 03 گاڑیاں، 15 موٹر سائیکلیں، 17 موبائل فونز، 05 مویشی اور 10 لاکھ روپے نقدی بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ کاروائیوں کے دوران 257 اشتہاری مجرمان، 84 عدالتی مفرور اور 25 عادی مجرمان گرفتار کیے گئے۔

جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں 05 مجرمان کیفر کردار کو پہنچے جبکہ 10 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشنز تیزی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ 
مزید برآں لاہور پولیس کی جانب سے ون ویلرز کے خلاف مختلف کارروائیوں میں رواں سال 1846ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر1701مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ون ویلرز اور ریسنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ون ویلنگ اور ریسنگ پر قابو پانے کیلئے اہم شاہراؤں پر ناکے لگائے گئے ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ون ویلنگ کے جان لیوا کھیل کی روک تھام کیلئے ڈولفن اسکواڈ اور پیرو کی خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے پولیس ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ اور ریسنگ کے تدارک کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی آلٹریشن کرنے والے مکینکس کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نوجوان ون ویلنگ،ریسنگ اور بائیکس کی آلٹریشن سے گریزکریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوموں کا شعار ہے، شہری ون ویلرز اور ریسنگ کی اطلاع 15 پر دیں۔