Live Updates

مینز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپرفور مرحلہ ،پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

بدھ 24 ستمبر 2025 00:50

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) مینز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپرفور مرحلہ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، گرین شرٹس نے 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، محمدنواز اور حسین طلعت نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 58 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلوائی، نواز 38 اور طلعت 32 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،حسین طلعت کو عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو ابوظہبی میں کھیلے گئے مینز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ سپر فور مرحلہ کے میچ میں پاکستانی قائد سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، کامیندو مینڈس 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان چارتھ آسالنکا 20 رنز بنا سکے، شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ حسین طلعت اور حارث رئوف نے دو، دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پورا کیا، صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے ٹیم کو 45 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اننگز کے چھٹے اوور میں تیکشانا نے فرحان اور فخر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامبیاں دلوائیں، فرحان 24 اور فخر 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، صائم ایوب کی کارکردگی ایک بار پھر مایوس کن رہی،وہ 2 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان سلمان آغا بھی بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 5 رنز بنا کر ہسارنگا کی گیند کا نشانہ بنے، محمدحارث 13 رنز بنا سکے،80 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد حسین طلعت اور محمدنواز نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، نواز نے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 اور طلعت نے 32 رنز بنائے، تیکشانا اور ہسارنگا نے دو،دو اور چمیرا نے ایک وکٹ لی۔

Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات