گنی میں نئی آئینی منظوری بھاری اکثریت سے، انتخابات کی راہ ہموار ، فوجی رہنما کو صدارتی انتخاب لڑنے کی اجازت

بدھ 24 ستمبر 2025 09:20

کوناکری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) چار سال قبل فوجی قبضے کے بعد گنی میں عوام نے ریفرنڈم کے ذریعے نئی آئین کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ہے، جس سے نہ صرف ملک میں انتخابات کی راہ ہموار ہوئی ہے بلکہ فوجی رہنما جنرل مامادی دومبویا کے لیے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کی گنجائش بھی پیدا ہو گئی ہے۔شنہوا کےمطابق جاری کردہ سرکاری عبوری نتائج کے مطابق، 89.4 فیصد ووٹ دہندگان نے نئے آئین کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ 86.4 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

یہ نتائج گنی کے وزیر برائے علاقائی انتظام و انصرام، ابراہیما کلیل کونڈے نے جاری کیے۔نئے آئین کی منظوری کو ملک میں جمہوری عمل کی بحالی کے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم ناقدین اس پر تحفظات رکھتے ہیں کہ اس آئینی تبدیلی سے موجودہ فوجی قیادت کو اقتدار میں رہنے کا قانونی راستہ فراہم کیا جا رہا ہے۔حتمی نتائج کا اعلان گنی کی سپریم کورٹ کی جانب سے کسی نامعلوم تاریخ پر کیا جائے گا، جس کے بعد انتخابی شیڈول متوقع ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مغربی افریقی خطے میں فوجی بغاوتوں اور جمہوری نظام میں خلل کے رجحان پر عالمی برادری تشویش کا اظہار کر چکی ہے۔